خیبرپختونخواحکومت کی جانب سے نیب ترامیم کیس کی سماعت لائیو نشر کرنے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی گئی، درخواست نیب ترامیم کیس میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سید کوثر علی شاہ کی جانب سے دائر کی گئی۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق درخواست میں کے پی حکومت کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عوامی مفاد کے مقدمات کی سماعت بنچ ون سے لائیو سٹریم کی جاتی ہیں، نیب ترامیم کیس کی اپیلوں کی سماعت لائیو سٹریم نہیں کی گئی،نیب ترامیم کیس کی لائیو سٹریمنگ نہ ہونا امتیازی سلوک ہے،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نیب ترامیم کیس کی سماعت براہ راست نشر کرنے کا حکم دیا جائے-یاد رہے کہ سپریم کے کورٹ نمبر 1 کی سماعت کی براہ راست کوریج کی جاتی ہے مگر جب عمران خان کیس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے تو اس روز اس سماعت کو براہ راست نشر نہیں کیا گیا تھا جس پر عوام کی جانب سے سخت تنقید کی گئی تھی –