حکومت نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اب کسی صورت ٹیکس چوروں کو رعایت نہیں دیں گے اور کیونکہ کاروبار کے لیے فون اور فون چلانے کے لیے سم ضروری ہے اس لیے ٹیکس چوروں کی سمیں بلاک کرنے کا فیصلہ ہوگیا ہے – ایف بی آر نے ٹیکس چوروں کی 5 لاکھ سمیں بلاک کرنے کا فیصلہ کرلیا اور اس ضمن میں 4 لاکھ انڈر فائلرز کی شناخت کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور عید کے بعد انکم ٹیکس جنرل آرڈر جاری کیا جائیگا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے عید الفطر کے بعد نان فائلرز اور انڈر فائلرز کے موبائل فونز کی 5 لاکھ سمیں بلاک کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے جو رواں ماہ بلاک کر دی جائیں گی -ایف بی آر عید الفطر کے بعد انکم ٹیکس جنرل آرڈر جاری کرے گا ،اس کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی مشاورت سے 4 لاکھ انڈر فائلرز کی شناخت کی تیاریاں کرلی گئی ہیں جنہوں نے قابل ٹیکس آمدنی ہونے کے باوجود اپنے ریٹرن فائل کرنے کی زحمت نہیں کی وہ ادارے کے ریدار پر آگئے ہیں ۔ایف بی آر کے پاس ان کے لین دین کے بارے میں معلومات ہیں اور انہیں نوٹس بھیجے گئے تھے لیکن انہوں نے اپنے ریٹرن جمع نہیں کروائے، ایک لاکھ نان فائلرز ہوں گے جن کی شناخت ایف بی آر کے براڈننگ ٹو ٹیکس بیس کے ذریعے کی گئی ہے اور ان کی سمز کو بھی بلاک کر دیا جائے گا۔
ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ ہم نے مبینہ ٹیکس چوروں کے خلاف اس سخت کارروائی کی تفصیلات کو حتمی شکل دے دی ہے اور اپریل 2024 تک ان کے موبائل فون کی سمز بلاک کردی جائیں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے 20 لاکھ ممکنہ ٹیکس چوروں کی نشاندہی کرلی ہے لیکن موبائل کمپنیوں کی جانب سے فریاد کی گئی ہے کہ وہ اتنی بڑی تعداد کی سمز بلاک کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتیں۔دنیا بھر میں ترقی یافتہ قومیں اپنے ملک کا نظام چلانے کے لیے ٹیس باقاعدگی سے ادا کرتی ہیں مگر ہمارے ملک میں جو جتنا زیادہ کماتا ہے اتنا ہی بڑا ٹیکس چور بن جاتا ہے -اور ان کے ٹیکس غریب عوام پورے کرتی ہے اور یوں ہمارا ملک چل رہا ہے –