الیکشن سے پہلے مختلف جماعتوں کی جانب سے بجلی کی قیمت کم کرنے کے حوالے سے عوام سے مختلف وعدے کیے گئے تھے اب کیونکہ نون لیگ اقتدار میں ہے اس لیے اسے یہ وعدے ہرصورت میں پورے کرنا پڑیں گے کیونکہ بجلی کی قیمت اتنی بڑھ گئی ہے کہ عوام ایک پنکھا بھی چلانا افورڈ نہیں کرپارہی اسی حوالے سے آج پنجاب حکومت نے بجٹ تک 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے پیکیج لانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیرخزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے پیکیج پر کام کررہے ہیں، جون کے بجٹ میں سکیم نظر آئے گی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے کمیٹی بنادی ہے، ممکن ہے بجٹ سے پہلے ہی سکیم کا اعلان کردیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ڈھائی کروڑ سے زائد خاندان 300یونٹ یا اس سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں، بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھانے کا تعلق وفاقی حکومت سےہے، انھوں نے ملک میں بجلی کی قیمت بڑھنے کا ذمہ دار تحریک انصاف کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی نااہلی اور نالائقیوں کی وجہ سےقیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمارے پاس اس وقت 300ارب روپے موجود ہیں، پنجاب کی معاشی صورتحال دیگر صوبوں سے بہتر ہے، ہم اپنے ٹیکس کے نظام میں بہت بہتری لائے ہیں، شہبازشریف کے وزیراعلیٰ بننے سے پہلے ٹیکس کا سلسلہ کچھ خاص بہتر نہیں تھا۔
مجتبیٰ شجاع الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے صوبے کے ریونیو کو مزید بڑھائیں گے، ان کا دعویٰ تھا کہ جون میں پنجاب کا بہترین بجٹ نظر آئے گا، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 1500 پرائس کنٹرول مجسٹریٹ تعینات کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام مہنگائی سے تنگ ہے،ہماری حکومت ہر صورت میں ریلیف فراہم کرے گی ۔