کراچی(آن لائن)پاکستان شوبز انڈسٹری کے اسٹار ہمایوں سعید نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھائی کی معذوری نے ایک ذمہ دار انسان بنایا۔ہمایوں سعید نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے چھوٹے بھائی کے معذور ہونے کے بعد اپنی زندگی میں آنے والی مشکلات کے بارے میں بات کی۔انہوں نے بتایا کہ بچپن سے ہی میری یہ عادت رہی ہے کہ میں جو بھی کام ہو اسے پورے دل سے کرتا تھا اور بہت چھوٹی عمر سے ہی میں نے ایک کمپنی میں کام کرنا شروع کر دیا تھا تو وہاں بھی میں نے بہت محنت سے کام کیا۔اداکار نے بتایا کہ میں بچوں کو ٹیوشن بھی پڑھاتا تھا، محنت اور لگن سے کام کرنے کی وجہ سے بہت چھوٹی عمر میں ہی میری آمدنی بہت اچھی ہوگئی تھی۔انہوں نے مزید بتایا کہ میں نے ہمیشہ اتنی محنت اور لگن سے کام اپنے گھر کے حالات کی وجہ سے کیا کیونکہ میں سب سے بڑا بھائی ہوں اور میرا چھوٹا بھائی بابر ایک حادثے میں معذور ہوگیا تھا، بھائی کی معذوری کے بعد مجھ پر ذمہ داریاں بڑھ گئیں۔ہمایوں سعید نے بتایا کہ میں اپنے بھائی کی معذوری کے بعد زیادہ ذمہ دار انسان بنا، اسی لیے مجھے اب کام کرنے کی عادت ہے اور اب مجھے ہر کام آسان لگتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ اکثر مجھ سے یہ کہتے ہیں کہ میرے مزاج میں بہت عاجزی ہے، وہ بھی چھوٹی عمر میں کی ہوئی محنت کی وجہ سے ہے۔#/s#