شب معراج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ آج منائی جا رہی ہے

Mashkoor Hussnain
3 Min Read

شب معراج مسلمانوں کی زندگی کی اہم ترین اور مقدس ترین راتوں میں سے ایک ہے یہ وہ شب ہے جب خدا کے پیارے حبیب ،رحمت اللعالمین، سرکار دوعالم، نبی آخرالزمان حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے رب سے ملاقات کے لیے عرش اولیٰ پر گئے -یہ سعادت آپ ﷺسرکار کے سوا کسی دوسرے نبی یا ولی یا نیک بشر کو حاصل نہیں ہوئی –
رحمتوں اور برکتوں کی 27 رجب کی یہ مقدس ترین رات جسے شب معراج کہا جاتا ہے ، مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ آج منائی جائے گی۔شب معراج وہ شب ہے جب اللہ رب العزت نے اپنے حبیب نبی محترم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو معراج کا شرف عطا کیا اور پانچ نمازوں کا تحفہ عطا کیا،یہ واقعہ ہجرت سے 5 سال قبل پیش آیا جب حضرت جبرائیل براق لے کر نبی آخرالزماںﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا اے اللہ کے رسول آپ کا رب آپ سے ملاقات کا خواہشمند ہے،حضور اکرم اس مقدس سفر کے دوران مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ گئے جہاں تمام انبیائے کرامؑ نے آپ کی اقتداءمیں نماز ادا کی اور پھرآپ آسمانوں میں اللہ تعالیٰ سے ملاقات کرنے تشریف لے گئے،اس واقعے کو قرآن کریم کی سورةاسراء پارہ نمبر 15 کی ابتدائی آیات میں بیان کیا گیا ہے –
سفر معراج کے دوران رسول کریم کو جنت اور دوزخ دکھائی گئیں،آپ کی ملاقات مختلف انبیائے کرامؑ سے بھی ہوئی،اسی سفر میں امت محمد یہ پر نماز بھی فرض ہوئی یہی وجہ ہے کہ اس شب خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جاتا ہے،شب معراج کو اہل ایمان نوافل ادا کرتے ہیں، درود و سلام اور نعتخوانی کی محفلیں سجائی جاتی ہیں، گناہوں سے بخشش اور ملکی سلامتی کے لئے رب ذوالجلال کی بارگاہ میں التجائیں کی جاتی ہیں۔آج کی رات شہر شہر، گلی گلی میں محافل ذکر منعقد ہونگی ،شب معراج کی مناسبت سے مساجد کو بھی برقی قمقموں سے سجایا جائیگا۔اس روز سرکار دوعالم کا واسطہ دے کر مسلمان اپنی دین و دنیا میں کامیابی کے لیے ساری شب عبادت میں بسر کرتے ہیں –

Share This Article
Leave a comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *