پاکستان میں 8 فروری کو عام انتکابات ہورہے ہین مگر دشمن اس عمل کو خراب کرنے اور روکنے کے لیے تمام حربے استعمال کررہے ہیں -سیاسی جماعتوں کی ریلیوں میں دھماکے کیے جارہے ہیں جبکہ ان کے شر سے الیکشن میں اترنے والے امیدوار بھی محفوظ نہیں ہیں- آج باجوڑ میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ کینڈیڈیٹ کو جان سے مار دیا گیا مگر پاک فوج نے آج پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے ملک میں انتخابات عدالت کی دی گئی تاریخ کو ہی ہوں گے –
اسی سلسلے میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت 262ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاء نے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
فورم نے عزم کیا کہپاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سا لمیت مقدس اور ناقابل تسخیر ہے،پاکستان تمام ریاستوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے،ملکی خودمختاری،قومی عزت اور پاکستانی عوام کی امنگوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
کانفرنس کے شرکاء کو بھارت کی جانب سے ماورائے علاقائی اور ماورائے عدالت قتل، ریاستی سرپرستی میں جاری دہشتگردی اور بھارت کی پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے کی گھناؤنی مہم کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔فورم نے اتفاق کیا کہ بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے،عالمی برادری پہلے ہی بھارت کے مجرمانہ رویے اور دنیا بھر میں قتل و غارت گری کے لیے ریاستی طاقت کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔
فورم نے فلسطین اور غزہ کے عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تنازعہ کے انتہائی منفی اثرات اورخطے میں پھیلاؤ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا،فورم نے فلسطین میں فوری جنگ بندی اور جاری تنازعہ کے پرامن حل کی فوری ضرورت کو متفقہ طور پر تسلیم کیا،کانفرنس کے شرکاء نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ بھی کیا -آج کی اس کانفرنس کے بعد شرپسندوں کی نیندیں حرام ہوجائیں گی تاہم وہ اپنی مزموم کوششیں جاری رکھیں گے مگر انشااللہ پاکستان اس سخت مرحلے سے بھی باہر نکلے گا اور جمہوری عمل مکمل ہوکر ہی رہے گا -فورم نے اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، منی لانڈرنگ، بجلی چوری اور غیر قانونی تارکین وطن سمیت غیر قانونی سرگرمیوں اور مجرمانہ مافیاز کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کو بھی سراہا-