پیپلز پارٹی کے 8 اراکین ٹکٹ نہ ملنے پر منحرف ؛آزاد الیکشن لڑنے کا اعلان

Mashkoor Hussnain
2 Min Read

تحریک انصاف نے سیاست میں نیا ٹرینڈ متعارف کروادیا ہے اس کے رہنما پارٹی سے اختلافات پر اپنے فیصلے کرتے ہیں اور پارٹی بھی چھوڑ جاتے ہیں اب اسی ڈگر پر مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کے رہنما بھی چلنے لگے ہیں -نون لیگ کی جانب سے دانیال عزیز اور سمیرا ملک نے راہیں جدا کیں اور اب پیپلز پارٹی کے 8 اراکین ٹکٹ نہ ملنے پر منحرف ہو گئے جبکہ ایک رکن نے پارٹی چھوڑ دی۔نجی ٹی وی کی خبر کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر طاہر محمود پی پی 42 سے داؤد آغا کو ٹکٹ جاری ہونے پر منحرف ہو گئے۔مستونگ سے ٹکٹ جاری نہ ہونے پر پیپلز پارٹی کے رہنما نواب شاہوانی نے تو پارٹی کو ہی خیر باد کہہ دیا ۔پی بی 37 مستونگ سے پیپلز پارٹی نے سردار نور بنگلزئی کو ٹکٹ جاری کیا تو نواب محمد شاہوانی نے اپنی ہی جماعت کے خلاف آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔

پیپلز پارٹی نے پی بی 44 سے میر عبید گورگیج کو ٹکٹ جاری کیا تھا جس کے بعد اس حلقے سے پیپلز پارٹی کے 4 امیدوار امین رئیسانی، ثناءاللہ جتک، سردار عمران، لعل محمد بھی پیپلز پارٹی کے فیصلے سے منحرف ہوگئے اور قیادت کا فیصلہ ماننے سے انکار کردیا ، اپنا لائحہ عمل بنایا اور اب یہ چاروں اراکین آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے۔بتایا گیا ہے کہ پی بی 43 سے پیپلز پارٹی کے 3 امیدوار میدان میں ہیں، حسنین ہاشمی کو ٹکٹ جاری ہونے پر لیاقت لہڑی، یونس ملازئی اور خان محمد بڑیچ منحرف ہو گئے۔ لیاقت لہڑی اور محمد ہڑیچ بھی آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے۔

Share This Article
Leave a comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *