پاک فوج عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو مطلوبہ تعاون فراہم کرے گی

Mashkoor Hussnain
4 Min Read

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 261ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں اس بات کا فیصلہ ہوا کہ ”پاک فوج آئندہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کرے گی،اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت،کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا،دہشتگرد عناصر،سہولت کاروں کے خلاف پوری ریاستی طاقت سے نمٹنے کا واضح پیغام بھی دے دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری اعلامییے کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں شرکاء نے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا،جنہوں نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی قابل مذمت خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا،شرکاء نے بھارتی فوج کی معصوم شہریوں کے اغواء، تشدد اور قتل کی حالیہ کارروائیوں کی واضح الفاظ میں مذمت کی۔کانفرنس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ”یہ کارروائیاں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں جو بہادرکشمیریوں کے جائز حق خودارادیت کے جذبے کو پست نہیں کرسکتیں“۔شرکاء کانفرنس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر طرح کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا“۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی،کانفرنس کے شرکاء نے کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر دہشتگرد گروپوں کی پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہوں، وہاں سے آزادی کیساتھ کارروائیوں اور جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو پاکستان کی سکیورٹی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔ اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دشمن قوتوں کے اشارے پرکام کرنے والے تمام دہشتگردوں،ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کیخلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی اور جاری تنازعہ کے پرامن حل کے مطالبہ کے حکومتی مؤقف کا اعادہ کیا۔ فورم نے سمگلنگ، منی لانڈرنگ، بجلی چوری اور دیگر غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے علاوہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جامع جائزہ لیا اور اس عزم کو دہرایا کہ ”پاک فوج ایسے جرائم کی روک تھام کیلئےمتعلقہ سرکاری اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر طرح کی مدد فراہم کرتی رہے گی“۔

کور کمانڈر کانفرنس نے واضح کر دیا کہ ”پاک فوج آئندہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کرے گی“۔

اعلامیے کے مطابق فورم کو فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی اورآرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ وارانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے، ذہنی اور جسمانی شعبوں میں فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔

مزید :
Breaking News -اہم خبریں -قومی –

Share This Article
Leave a comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *