پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الٰہی نے انتخابات میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی حمایت کا اعلان کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو بھی شیخ رشید کی حمایت پر قائل کرنے کی کوشش کروں گا امید ہے کہ کپتان مان جائے گا –
عدالت میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ شیخ رشید صاحب سے پرانا رشتہ ہے،این اے 56اور 57شیخ صاحب کو دینا ہے، اس کیلئے بانی پی ٹی آئی کو منانا ہے،شیخ صاحب کی کامیابی کیلئے مکمل کوشش کریں گے۔
چودھری پرویز الٰہی نے اپنے انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ الیکشن میں حصہ لے رہا ہوں،3جگہ ایم این اے اور 3جگہ سے ایم پی اے کا الیکشن لڑوں گا،صحافی کے سوال ’’ کیا آپ کو لیول پلیئنگ فیلڈ مل رہی ہے‘‘؟ کے جواب میں پرویز الٰہی نے کہاکہ فیلڈ ہی کوئی نہیں تو لیول کیا ہونا ہے،صدر تحریک انصاف نے کہاکہ پارٹی چیئرمین بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں،الیکشن جانبدارانہ ہوئے تو ملک کو نقصان ہوگا،ان کا کہناتھا کہ مجھے 2بار اٹیک ہوا، ہسپتال نہیں جانے دے رہے، یہ جنگل کا قانون ہے۔ پرویز الہی کے اس بیان پر شخ رشید نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں حلقوں میں حمایت اور سپورٹ پر پرویز الٰہی کا شکرگزار ہوں،سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہاکہ پی ٹی آئی میرے مقابلے میں امیدوار نہیں لائےگی،چلہ کاٹ آیا ، نسلی اور اصلی ہوں کبھی غداری نہیں کروں گا۔
شیخ رشید احمد نے کہاکہ اپنی پارٹی کیساتھ کھڑا ہوں، قلم دوات پر لڑتا ہوں اب بھی لڑوں گا،ان کا کہناتھا کہ فتح اور شکست اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے۔