مسلم لیگ نون اور ق لیگ میں اتحاد کی باتیں تو چل رہی ہیں مگر کیا ان کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو بھی پائے گی اس کے بارے میں ابھی کچھ کہنا ان دونوں جماعتوں کے بس میں بھی نہیں ہے -البتہ چوہدری شجاعت اس بات پر خوش ہیں کہ اب فروری میں عام انتخابات ہو جائیں گے -ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے الیکشن سے فرار کے تمام راستے بند کردیئے ہیں۔
ق لیگ سندھ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے بینچ کے منصفانہ فیصلے سے الیکشن سے فرار کی تمام سازشیں دم توڑ گئی ہیں، ملک کا سیاسی و معاشی مستقبل عام انتخابات سے وابستہ ہے۔انہوں نے کہاکہ آزاد، منصفانہ اور قابل اعتماد انتخابات انتہائی ضروری ہیں جن میں تمام سیاسی جماعتوں کو حصہ لینے کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور عوام کی نمائندہ جماعت بن کر ان کی ترجمانی کرے گی، عوام کو اپنے روشن مستقبل کیلئے روایتی سیاستدانوں کے بجائے شعور کو ووٹ دینا ہوگا۔تمام جماعتیں ایک ہی بات کررہی ہیں کہ تمام جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت ملنی چاہیے کیونکہ انہیں علم ہے کہ اگر ایسا ہہ ہوا تو شہباز حکومت کی طرح اگلی اسمبلی بھی عوام کی تنقید کا نشانہ بنے گی اور ملک میں استحکام مزید مشکل ہوجائے گا –