پاکستان مسلم لیگ نون کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے ایک بار پھر نام لیے بغیر عمران خان پر تنقید کی ان کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ لوٹنے والوں نے پختونخوا اور پاکستان کے وسائل ہڑپ کر لئے۔ مریم نواز سے خیبرپختونخوا کے یوتھ کوآرڈینیٹرز نے ملاقات کی جس میں خیبرپختونخوا میں یونین کونسل کی سطح تک یوتھ کوآرڈینیٹرز کی تقرری کے امور پر مشاورت ہوئی، اس کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا میں تنظیمی امور اور عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔
مریم نواز کا دوعیی تھا کہ خیبرپختونخوا کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، انھوں نے تحریک انصاف کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ دس سال میں خیبرپختونخوا کو کنگال صوبہ بنا دیا گیا، بی آر ٹی اور بلین ٹری سونامی کے نام پر کے پی کے میں بدترین کرپشن اور لوٹ ماری جاری رہی۔دس سال میں ساڑھے تین سو ڈیم تو نہ بن سکے البتہ قوم کو ضرور ڈیم فول بنایا گیا، تحریک انصاف سے دس سال میں کے پی کے میں ایک ہسپتال، ایک کالج، ایک یونیورسٹی نہ بن سکی، گزشتہ دور حکومت میں یہ تبدیلی آئی کہ خیبرپختونخوا صوبے کے پاس تنخواہیں اور پنشن دینے کے پیسے نہ رہے۔
انھوں نے عمران خان کے کے پی کے میں صحت کارڈ کے اجراء کی بھی نفی کردی اور کہا کہ پورے پاکستان میں سب سے پہلے خیبرپختونخوا کو صحت کارڈ نوازشریف نے دیا تھا، خیبرپختونخوا کے غیرت مند اور وفا شعار عوام کو ریاست سے ٹکرانے کی سازش کی گئی۔مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف نے صحت کارڈ کا آغاز خیبرپختونخوا سے کیا تھا، یکم جنوری 2016ء کو قائد ن لیگ نے صحت کارڈ کا آغاز کیا تھا، انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا کی دس سال کی محرومیاں دور کریں گے، خیبرپختونخوا میں جدید ترین ہسپتال، بہترین تعلیمی ادارے بنائیں گے۔