�جب سے الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوا ہے پاکستان میں کاروبار کرنے والے افراد کی جان میں جان آنی شروع ہوئی ہے اور اس اعلان کے بعد سے اب تک ہمیں ہرروز کاروبار میں بہتری نظر آرہی ہے -آج انڈیکس کھلتے ہی 611 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 60 ہزار کی سطح عبور کرگیا اور ہنڈریڈ انڈیکس 60 ہزار 423 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے
بینچ مارک ہنڈریڈ انڈیکس رواں ماہ میں تقریبا ساڑھے آٹھ ہزار پوائنٹس کا اضافہ ہو چکا ہے، اسٹاک ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ تیزی کی وجہ نگراں وزیر اعظم کی یو اے ای کے صدر سے ملاقات اور اربوں ڈالر کے معاہدے پر دستخط ہیں۔ پاکستان کو ائندہ چند برسوں میں سعودی عرب اور یو اے ای سے پچاس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
گذشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے اختتام پر انڈیکس میں 724 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا اور کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس 59 ہزار 811 کی بلند سطح پر بند ہوا۔ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس 59 ہزار 896 کی بلند سطح پر بھی دیکھا گیا تھا اور مارکیٹ میں 20 ارب روپے مالیت کے 65 کروڑ حصص کا کاروبار ہوا، مارکیٹ میں 243 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ جبکہ 119 کمپنیوں کے حصص میں کمی ہوئی-اس کے علاوہ ڈاللر کی قیمت میں بھی کچھ کمی دیکھنے کو مل رہی ہے -ساری دنیا پاکستان کو مشورے دے رہی تھی کہ ملک میں سیاسی استحکام لائے بنا ملک ترقی نہیں کرسکتا -لگتا ہے کچھ لوگوں کو اب اس بات کا احساس ہوگیا ہے -اگر پاکستان یو اے ای قطر اور دوسرے ممالک سے سرمایہ کاری پاکستان لے آتا ہے تو حالات مزید بہتر ہوجائیں گے -لیکن اگر الیکشن ملتوی ہونے کی بات دوبارہ شروع ہوئی تو پھر یہ معیشت ایک بار پھر گراوٹ کا شکار ہونا شروع ہوجائے گی –