پاکستان تحریک انصاف چھوڑ کر علیم خان اور جہانگیر ترین کی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے کراچی سے پی ٹی آئی کے سابق گورنر بھی عمران خان کی حمایت میں بول پڑے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ہدایت تھی کہ کبھی پاک فوج کے خلاف بات نہیں کرنی۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے منہ سے ہمیشہ یہ سنا کہ پاک فوج ملک کی نگہبان ہے، جب مسلم لیگ (ن) یا پیپلز پارٹی فوج کیخلاف بات کرتے تو ہمیں کہا جاتا کہ کبھی آرمی کیخلاف بات نہیں کرنی،انھوں نے ایک اور عجیب بات بھی کی ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب تھا۔مگر اس کے کیا محرکات تھے کبھی تفصیل سے بتاؤں گا۔ انہوں نے کہاکہ استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی رہنما عمران اسماعیل نے اس بات پر بھی دکھ کاا اظہار کیا کہ نیا پاکستان بنا سکتے تھے لیکن کئی وجوہات کی بنا پر نیا پاکستان نہ بن سکا، اپنی سیاسی جماعت بدلنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میڈیا کے دوستوں کو مس کیا ہے۔ میڈیا سے دور رہنا کچھ عرصے کےلیے اچھا لگا پھر خیال آیا کہ یہ سلسلہ پھر شروع ہونا چاہیے۔عمران اسماعیل نے پی ٹی آئی کا ترانہ تبدیلی آئی رے گا کر شہرت حاصل کی تھی وہ کراچی کے معروف تاجر بھی ہیں -مگر 9 مئی کے واقعات کے بعد انھوں نے تحریک انصاف چھوڑ کر استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی ان کے اس بیان کا پی ٹی آئی کو فائدہ ہوسکتا ہے لیکن عمران اسماعیل نے اپنی پارٹی کے مشورے کے بغیر یہ بیان دیا ہے تو ان کے لیے مشکلات بھی بڑھ سکتی ہیں –