لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔لاہور کے مختلف علاقوں گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، کینال روڈ، دھرم پورہ، لکشمی چوک، نسبت روڈ، کاہنہ، گجومتہ، فیروز پور روڈ، ساندہ، کرشن نگر، بند روڈ، اچھرہ، چونگی امرسدھو، کلمہ چوک، برکت مارکیٹ ، گلبرگ، اقبال ٹاؤن ،سمن آباد ، گلشن راوی اور دیگر علاقوں میں صبح کے وقت بادل برس پڑے۔ لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر کئی شہروں جن پاکپتن، پھالیہ، سکھیکی، وزیر آباد، مریدکے، چنیوٹ، اوکاڑہ، ساہیوال، عارف والا، بہاولنگر، نارووال، گوجرہ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سانگلہ ہل میں بھی بادلوں نے انٹری دی جس کے سبب سموگ کا کافی حد تک خاتمہ ہوگیا –

رات 12 بجے شروع ہونے والی بارش کے سبب لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ سے20 ڈگری سینٹی گریڈ تک آگیاآج لاہوریوں نے جرسیاں سویٹر اور جیکٹس بھی استعمال کیں – آج کئی روز کے بعد لاہور کے باسیوں نے نیلا آسمان دیکھا – بارش کے باعث فضائی آلودگی میں بھی نمایاں کمی کی توقع کی جا رہی ہے، سموگ کے اثرات سے بچانے میں بارش اہم ثابت ہو گی۔بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، تیز ہوائیں چلنے سے مختلف علاقوں میں بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہو گیا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ایک دو مقامات پر بجلی گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے تاہم کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی –