متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی عجمان پولیس نے جرم کے ارتکاب کے صرف ایک منٹ بعد دوسرے شخص کے قتل میں ملوث ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔یہ واقعہ عجمان کے علاقے الروادہ میں اس وقت پیش آیا جب ایک شخص نے اپنے جاننے والے شخص پر اس کے کمرے میں حملہ کیا۔ قاتل اور مقتول دونوں ایک ایشیائی ملک کی قومیت رکھتے تھے۔

واقعہ کے عینی شاہدین نے اس واردات کے دوران ہی پولیس کو بلایا جو ریکارڈ وقت میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ملزم کو اس وقت پکڑا گیا جب وہ مقتول کو قتل کرنے کے بعد کمرے سے نکل رہا تھا۔پوچھ گچھ پر ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ اس نے یہ فعل اپنے ملک میں ہونے والے خاندانی تنازع کی بنا پر کیا ۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ملزم نے اپنے کزن پر تیز دھار آلے سے وار کیا اور اس کی جان لے لی اور اس کے بعد جائے وقوعہ سے نکلنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے اسے وہاں سے باہر نکلنے سے پہلے ہی آن دبوچا ۔کیس کو مزید کارروائی کے لیے عجمان پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
عجمان پولیس میں کریمنل اینڈ انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل احمد بن یافور الغافلی نے پہلے جواب دہندہ گشتی افسران کے تجربے اور ان کے تیز ردعمل کی تعریف کی جس کی وجہ سے وہ مجرم کو ریکارڈ وقت میں گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئے۔انہوں نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ کسی بھی ایسے شخص کی اطلاع دینے میں ہچکچاہٹ نہ کریں جو کوئی جرم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔