عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور قاسم اور سلمان کی والدہ ایک بار پھر پاکستانیوں کے حق میں نہ صرف بول پڑیں بلکہ انھوں نے برطانوی وزیر داخلہ خاتون سے پاکستانیوں پر شرمناک جھوٹا الزام لگا کر ان کی دل آزاری کرنے پر ان سے معافی مانگنے اور اپنے الفاظ واپس لینے کا مطالبہ بھی کردیا –
جمائما گولڈ سمتھ کا کہنا ہے کہ برطانوی وزیرِ داخلہ سویلا بریورمین کو پاکستانیوں پر برطانیہ میں جنسی جرائم میں ملوث ہونے کے بے بنیاد الزام لگانے پر معافی مانگنی چاہیے۔انہوں نےسوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ وزیرِ داخلہ سویلا بریورمین کواپنے اس دعوے پر معافی مانگنی چاہیے کہ برطانیہ میں بچوں کا جنسی استحصال کرنے والے گرومنگ گینگز زیادہ ترپاکستانی نژاد برطانوی مرد چلاتے ہیں کیونکہ میڈیا ریگولیٹر نےفیصلہ دیا ہے کہ ان کا یہ بیان بے بنیاد اور گمراہ کن ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ میڈیا ریگولیٹر اور ہوم آفس کی اپنی تحقیق میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ برطانیہ میں جنسی جرائم میں ملوث بیشتر ملزمان سفید فام ہیں۔جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنی پوسٹ کے آخر میں خود ہی اس کا جواب بھی دے دیا لکھا کہ لیکن ظاہر ہے سویلا بریورمین ایسا نہیں کریں گی۔ان کا بیان اور وزیرداخلہ کے متعلق سوچ ظاہر کررہا ہے کہ وزیرداخلہ پاکستانیوں کے بارے میں اچھی رائے نہیں رکھتیں اور ان کا یہ بیان ان کی پاکستانیوں سے متعصبانہ ذہنیت کا عکاس ہے –