مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان آرہے ہیں -ان کے استقبال کی تیاریاں بھی عروج پر ہیں اگرچہ ان کی ہونے والی موجودہ ریلیوں میں لوگوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے پھر بھی نون لیگ کے رہنما پرامید ہیں کہ جب نواز شریف کا طیارہ لاہور لینڈ کرے گا تو ماحول بالکل بدل جائے گا -اسی حوالے سے رانا ثنا اللہ خان کی زیر صدارت پنجاب کے تنظیمی عہدیداران، ڈویژنل صدور اور کوآرڈی نیٹرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس ہوا جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی 21 اکتوبر کی واپسی کے حوالے سے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، لیگی رہنما راناثنا اللہ نے تمام تنظیمی عہدیداران اور کوآرڈی نیٹرز کی طرف سے تیاریوں پر پیش کی جانے والی رپورٹس پراطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر صدر ن لیگ پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے طول و عرض میں اس وقت نوازشریف کی واپسی ہی ایک اہم ایونٹ ہے اور پوری قوم اسکی تیاریوں میں مصروف ہے،21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر ہونے والا جلسہ کبھی بھلایا نہ جانے والا واقعہ ہوگا،اور یہ ہر جلسے کا ریکارڈ توڑ دے گا،اس وقت پاکستان کا ہر غریب قائد کی واپسی میں اپنے حالات کو بدلنے کی امید کی طرح دیکھتا ہے،مینار پاکستان کا تاریخی جلسہ اور قائد نواز شریف کی تقریر پاکستان کے روشن ،پرامن اور معاشی مستقبل کی نوید ہے۔یاد رہے کہ نون لیگ نے کبھی بھی اس سے پہلے مینار پاکستان پر جلسے کا رسک نہیں لیا تھا -اور تحریک انصاف ان کو 2011 سے چیلینج کرتی رہی ہے کہ لاہور نون لیگ کا ہے تو مینار پاکستان پر جلسہ کرکے دکھائے -ایسالگتا ہے کہ کہ نون لیگ اپنی سیاست کا سب سے بڑا سیاسی جوا کھیلنے جارہی ہے –