���اگر یہ کہا جائے کہ آج کا دن سپریم کورٹ کی تاریخ کا منفرد دن تھا تو غلط نہ ہوگا -پاکستان کی تاریخ میں آج پہلی بار ایسا ہوا کہ فل کورٹ کی کاروائی ٹی وی چینلز پر براہ راست دکھائی گئی -اس کے ّعلاوہ آج پہلی بار ایک خاتون نے سپریم کورٹ رجسٹرار کا عہدہ سنبھالا – چیف جسٹس کی جانب سے سپریم کورٹ میں نئی تقرریاں کردی گئیں،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جزیلہ اسلم کو رجسٹرار سپریم کورٹ تعینات کر دیا گیا۔

 

ترجمان سپریم کورٹ نے چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے نئی تقرریوں کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا، جس کے مطابق چیف جسٹس نے جزیلہ اسلم کو نئی رجسٹرار سپریم کورٹ تعینات کیا ہے۔ ساتھ ساتھ ایک اور تبدیلی بھی دیکھنے کو ملی اور ڈاکٹر مشتاق احمد کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کا سیکریٹری مقرر کیا گیا -بلوچستان سے تعلق رکھنے والے عبدالصادق چیف جسٹس کے چیف آف اسٹاف تعینات کیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے آج عمر عطا بندیال کی جگہ چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا یا ہے۔سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سپریم کورٹ کے 29 ویں چیف جسٹس بن گئےہیں۔ایک اور تبدیلی بھی نظر آئی کہ سپریم کورٹ کے 16 ججوں نے ایک کیس کی سماعت کی اور اس دوران بینچ ٹوٹنے جیسا ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا –