پاکستان میں اس وقت بجلی کے بل غریب لوگوں پر قیامت بن کر ٹوٹ پڑے -اس وقت ایسی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جس میں سنار بتارہے ہیں کہ لوگ اپنی بچیوں کی بالیاں اور زیور لے کر ان کے پاس آرہے ہیں مگر بل اتنے زیادہ ہیں کہ جتنے پیسے دکان دار ان کو دے رہے ہیں اس میں بھی بل پوراےنہیں ہورہے -اس کے بعد ملک بھر میں شہریوں نے احتجاج کا سلسلہ شروع کردیا ہے -اب دوسرے شہروں کے ساتھ ساتھ لاہوریے بھی اس احتجاج کا حصہ بن رہے ہیں -واربرٹن کے شہری بھی بجلی کی بڑھتی قمیتوں پر سراپا احتجاج بن گئے، بجلی کے بلوں کو آگ لگا دی ۔

 

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق واربرٹن میں بجلی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ گرین مارکیٹ میں تاجر برادری، ریڑھی بانوں اور مزدوروں نے شہریوں کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کیا۔مظاہرین نے بجلی کے بلوں کو سڑک پر رکھ کر آگ لگا دی اور ننکانہ اور فیصل آباد لاہور روڈ کو بھی بلاک کر دیا۔ شہریوں نے حکومت اور واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ شہریوں کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بجلی کے اتنے مہنگے بل ہیں کہ ادائیگی کیلئے گھروں کا سامان اور بچوں کے زیور فروخت کرنے کی نوبت آ گئی۔

 

 

 

انہوں نے بجلی کے ریٹس میں اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔اس کے بعد حکومت کو بھی ہوش آیا اور اب نگران وزیراعظم نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا -تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے -اور ملک خانہ جنگی کی طرف بڑھ سکتا ہے کیونکہ پھر ارجنٹائن کی طرح لوگوں کے پاس لوٹ مار کے سوا کوئی دوسرا آپشن نہیں بچے گا –