پاکستان کے صدر مملکت 9 مئی کے واقعات کے ساتھ ملک کے سربراہ ہونے کی حیثیت سے پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہوگئے ہیں -صدر مملکت نے کہاہے کہ پوری قوم اپنے شہدا کی قدر کرتی ہے اور وہ اْن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 20 مئی کو ٹانک جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے نائیک محمد عتیق اور رجب علی کے ورثا سے فون پر رابطہ کیا ، ڈاکٹر عارف علوی نے شہدا کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

 

 

صدر مملکت نے 20 مئی کو گلاب پوسٹ بلوچستان میں شہید ہونے والے سپاہی مدثر حمید ، عبد القدیر اور زرغون بلوچستان میں شہید ہونے والے سپاہی ظہیر احمد کے خاندان سے بھی رابطہ کیا اور شہدا کی وطن کیلئے گراں قدر خدمات اور قربانی پر اْنہیں خراج عقیدت پیش کیا۔صدر مملکت نے شہدا کے جذبہ حب الوطنی اور فرض سے لگن کو سراہا ، انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔صدر مملکت اس سے پہلے بھی اپنی جماعت سمیت تمام سیاستدانوں کو مل بیٹھ کر ملک کو آگے لے جانے کی بات کرتے رہے ہیں -ان کا یہ عمل انتہائی قابل تحسسین ہے -ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے یہی وہ جوان ہیں جنہوں نے ہمارے کل کے لیے اپنا آج قربان کیا اپنے بچے یتیم کیے اور پاکستان کے چپے چپے کو محفوظ بنایا –