یوم تکریم شہداء کے موقع پر آج ملک بھر میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریبات جاری ہیں، اس حوالے سے مرکزی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز (جسے جی ایچ کیو کے نام سے پکارا جاتا ہے) راولپنڈی میں یادگارشہدا پر ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے -اس تقریب میں سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کو بھی خصوصی طور سے بلایا گیا تھا ۔ تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سکولوں کے بچوں سے غیر رسمی ملاقات کے دوران کہا ہے کہ پاک فوج شہداء کے تمام بچوں کی وارث ہے۔

 

یوم تکریم شہداء کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سکول کے بچوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاک فوج شہداء کے تمام بچوں کی وارث ہے، ہمارا رشتہ مثالی اور ہمیشہ قائم رہنے والا ہے، پاک فوج شہدا کے بچوں کیساتھ ہمیشہ کھڑی رہے گی۔ آرمی چیف نے اس موقع پر سکولوں کے طلبا اور شہداء کے بچوں کے سروں پر دست شفقت رکھا- پاکستان کے آرمی چیف نے 9 مئی کے واقعات کے بعد فوج کا مورال بلند کرنے کے لیے 25 مئی کو یوم تکریم شہداء منانے کا فیصلہ کیا تھا –