تحریک انصاف کی جانب سے 9 مئی کے واقعا ت کے بعد پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے -آج تحریک انصاف کے رہنما اور بلین ٹرین سونامی کے بانی ملک امین اسلم نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیاہے اپنی پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ تمام شہروں میں فوجی تنصیبات پر پلاننگ کے تحت دھاوا بولا گیا، یہ منظم تھا، بغیر پلاننگ تمام شہروں میں یہ ممکن نہیں تھا – نو مئی کے جو واقعات ہوئے ، انہوں نے میرے جیسے تمام لوگوں کو شدید صدمہ پہنچایا ،جلوسوں کے ٹارگٹ آرمڈ فورسز کی تنصیبات تھیں ہم نے شہداءکی یادگاروں کو نہیں چھوڑا، ایم ایم عالم کے جہاز کو نہیں چھوڑا، میں نہیں سمجھتاکہ یہ پلاننگ کے بغیر یہ پیٹرن ہر شہر میں فالو کیا جا سکے ، ہماری لیڈر شپ کو چاہیے تھا کہ ہم جوڈیشل انکوائری کی بات کرنے کی بجائے انٹرا پارٹی انکوائری کرتے ، جو لوگ اس میں شامل تھے ، انہیں بے نقاب کرکے ٹانگ دینا چاہیے تھا، ہم دیکھتے رہے لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا –

یہ ایک ایسا ایجنڈا ہے جس کے ساتھ میرے جیسے لوگ کبھی تھے ، نہ ہیں اور نہ کبھی رہ سکتے ہیں، یہ ایجنڈا ہمارے دشمنوں کے خواب پورا کر رہاہے ، پاکستان کی عوام پاکستان کی فوج سے ٹکرا جائے ،یہ کیسا ایجنڈاہے ، یہ کن لوگوں نے بنایا ہے اور یہ کہاں سے پی ٹی آئی میں آ گیاہے ۔میں اسے دیکھ کر صدمے میں چلا گیا تھا ، جہاں جہاں احتجاج ہو رہاتھا ان سب کا طریقہ کار ایک ہی تھا، ہم کہہ رہے تھے کہ کوئی اور لوگ آ گئے تھے لیکن ان جلوسوں کو لے کر کون گیا، اب وقت آ گیاہے کہ سب کو بے نقاب ہونا چاہیے ، یہ پاکستان ہے تو ہی ہم ہیں۔

بھاری دل کے ساتھ فیصلہ کرنا پڑا کہ میں اس ایجنڈے کے ساتھ مزید نہیں چل سکتا، یہ ایجنڈا جو لو گ بھی بنا رہے ہیں وہ پارٹی کے خیر خواہ نہیں ہیں، وہ اس پارٹی کو کھائی میں دھکیل دیں گے ، میری سیاست کا مقصد یہ کبھی نہیں رہا، میرا خاندان چار پشتوں سے سیاست میں ہے ، ہم نے ملک کی خدمت کی ہے ، یہ ایک ایسا ایجنڈا ہے جس نے پارٹی کو ہائی جیک کر لیاہے آج یہ تحریک ایک تباہی کی طرف چل پڑی ہے ، جس کا حصہ میں نہیں بن سکتا ، اس لیے آج میں پی ٹی آئی کو چھوڑ رہاہوں ۔