آج حکومت پاکستان کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی کمی کا اعلان کیا گیا ہے جو مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کے لیے بہت اچھی خبر ہے – پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق ہوگیا ہے، نئی قیمتوں اگلے 15 روز تک نافذ العمل ہوں گی ۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ، جس کے مطابق آج رات 12 بجے سے آئندہ 15 دن کےلیے پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج سے پیٹرول 282 روپے کے بجائے 270 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، ڈیزل کی قیمت 288 روپے سے کم ہوکر 258 روپےہوگئی ۔ اس کے علاوہ مٹی کے تیل پر 12 روپے کی کمی کی گئی ہے، جس کی نئی قیمت 176 روپے 7 پیسے کم ہو کر 164 روپے 7 پیسے ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ لائٹ ڈیزل آئل پر 12 روپے کمی کی جارہی ہے، جو 164 روپے 68 پیسے سے کم ہو کر 152 روپے 68 پیسے ہوگیا ۔اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی کے سبب دیگر اشیاء بھی سستی ہوں گی اور اس فیصلے کے بعد مہنگائی میں بھی کمی ہوگی ۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز سے بھی گزارش ہے وہ اب کرایوں میں کمی کریں۔ حکومت کو چاہیے کہ فوری طور سے اس فیصلے پر عمل درآمد کروائیں کیونکہ بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے عوام بے حد پریشان ہے –