لاہوریوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ حکومت نے داتا دربار تک رسائی آسان اور مجموعی ماحول کو بہتر بنانے کے لئے داتا دربار کی فرنٹ سائیڈ اور بھاٹی چوک کی ” ری ماڈلنگ” کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس پر جلد عمل درآمد شروع کردیا جائے گا ۔ جس کے لئے ٹیپا نے مکمل پلان تیار کرتے ہوئے ایوان اوقاف میں سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کو بریفنگ دی۔ اس کا بنیادی مقصد دربار کے سامنے کی ٹریفک کے راستے کو مکمل طور پردوسری جانب منتقل کرتے ہوئے، اس سارے ایریا کو” ٹریفک فری” بنانا ہے تاکہ، پیدل چلنے والوں کے لئے وسیع اور کشادہ راستہ بن جائے ۔ اس موقع پرڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف عامر علی چشتی، ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف او ردیگر افسران بھی موجود تھے۔

 

 

سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ زائرین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے داتا دربار کے مجموعی ماحول کو پاکیزہ اور صاف ستھرا رکھنا اوّلین ترجیح ہے۔ ۔ اس منصوبے پر عملدرآمد کے لیے لینڈ ایکوزیشن سمیت دیگر امور زیر کارروائی لائے جائیں گے۔ جس کی عملی تشکیل کے بعد کچہری چوک سے آنے ولی ٹریفک کربلا گامے شاہ سے داتاؒ دربارکی بجائے، بھائی چوک سے ٹکسالی کی طرف جائے گی۔ اس سے زائرین کو وسیع کار پارکنگ کے ساتھ، پیدل چلنے والوں کو بھی صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول میسر آئے گا۔ بے ہنگم ٹریفک اور لوگوں کی بھیڑ کی وجہ سے داتا دربار میں ٹریفک اور پیدل چلنے ولوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے -اس منصوبے کی تکمیل سے وہاں ٹریفک کی روانی کا مسئلہ کافی حد تک حل ہوجائے گا –