جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو جماعتِ اسلامی کے ہیڈ کوارٹرمنصورہ میں قیام کی دعوت دے دی۔سراج الحق نے کہا کہ عمران خان یا جس بھی سیاستدان کو جان کا خطرہ ہے وہ منصورہ آ جائے جماعت اسلامی ہر سیاست دان کو تحفظ فراہم کرے گی ،الیکشن کمیشن نے ملک کو آئینی بحران میں مبتلا کردیا۔ الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ کا حکم نہ مانا تو یہ آئین سے بغاوت ہوگی۔

 

منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکومت کو مشورہ بھی دیا -ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اور تحیک انصاف ہوش کے ناخن لیں -ان کی لڑائی کے سبب ہم سب مارشل لاء کی طرف بڑھ رہے ہیں، انھوں نے حکومت کو بھی مشورہ دیا کہ قومی اسمبلی ، سندھ اور بلوچستان اسمبلیاں توڑ کر ایک ہی دن انتخابات کرائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ مینارِ پاکستان پر عمران خان کے جلسے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں، ملک میں موت سستی اور آٹا مہنگا ہوگیا، مہنگائی کے سبب ایک لاکھ 40 ہزار افراد ڈپریشن کے مریض بن چکے ہیں۔ایک سوال پر سراج الحق نے کہاکہ عمران خان زمان پارک میں خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں تو وہ انہیں منصورہ میں قیام کی دعوت دیتےہیں۔