اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پیر کو ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ اسلام آباد میں اشیائے ضروریہ اور اشیائے خوردونوش کی دستیابی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے رمضان بازاروں میں نرخوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا۔ انہوں نے سیکورٹی کے لیے موثر اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے صوبوں اور انتظامی اکائیوں سے بھی کہا کہ وہ رمضان کے مقدس مہینے میں رعایتی نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے حوالے سے جامع حکمت عملی وفاقی حکومت کو پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے مرکز اور صوبوں کے درمیان روابط کو بہتر بنانے پر زور دیا اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اشیاء کی سپلائی چین کو بہتر بنانے اور ان کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گندم، دالوں اور خوردنی تیل سمیت دیگر اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر برائے قومی تحفظ خوراک و تحقیق طارق بشیر چیمہ، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹریز، اسلام آباد کے چیف کمیشن اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔