اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کو وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کی وزارت کو کارکردگی کے لحاظ سے وزارتوں کے جائزے میں ٹاپ پوزیشن پر آنے پر سراہا۔
وزیراعظم نے وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں شاندار کارکردگی پر دس وزارتوں کو نوازا۔ وفاقی وزیر اسد عمر کی وزارت منصوبہ بندی، وزیر اعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ ثانیہ نشتر اور وزیر تعلیم شفقت محمود کی کارکردگی کو بھی بالترتیب تسلیم کیا گیا۔
وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری، وزیر داخلہ شیخ رشید اور وفاقی وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار کو اسناد دی گئیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ نظام صرف اس وقت کام کرتا ہے جب بہترین کارکردگی کے لیے انعام کا نظام موجود ہو، انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی وزارتوں کو مزید مراعات دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں وزارتوں کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کو غربت سے نکالنا حکومت کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک جزا اور سزا کا نظام رائج نہیں ہوتا تو قومیں ترقی نہیں کرتیں۔
انہوں نے وزیر شہزاد ارباب کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی وزراء کی کارکردگی کا سہ ماہی جائزہ لیں اور اگلی ایوارڈ تقریب میں تمام وزارتوں کو مدعو کریں۔