کرسمس کی آمد آمد ہے جو عیسائیوں کا سب سے بڑا تہوار ہے- دنیا بھی کی مسیحی برادری یہ تہوار بڑے جوش و خروش سے مناتی ہے پاکستان میں بسنے والے کرسچن افراد بھی اس دن کو جوش و ولولے سے مناتے ہیں مگر پچھلے کچھ سالوں سے ان پر شدت پسندوں کی جانب سے حملے کیے گئے جس کے باعث دنیا بھر میں پاکستان کا تشخص بری طرح مجروح ہوا- مسیحی برادری کو مکمل تحفظ پہنچانے کے لیے حکومت پاکستان نے فل پروف سیکیویٹی دینے کا پلان بنا یا ہے -اس کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے کرسمس کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں گرجا گھروں اور مسیحی برادریوں کی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ نے ہدایت کی ہے کہ کرسمس کی تقریبات، گرجا گھروں اور کرسمس بازاروں کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے جائیں۔ محکمہ نے ہدایت کی کہ گرجا گھروں میں اضافی اہلکاروں کو تعینات کیا جائے اور تقریبات میں شامل ہونے والے شرکاء کو مکمل تلاشی کے بعد چرچ میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔ ایس پی سطح کے افسران حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیں اور گرجا گھروں سے ملحقہ علاقے میں گشت میں اضافہ کریں۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی نگرانی میں کرسمس کا سکیورٹی پلان بنائیں اور تفریحی مقامات کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ گرجا گھروں، اقلیتوں کی عبادت گاہوں، عوامی مقامات اور دیگر اہم مقامات پر سیکورٹی کو سخت کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ، سویپ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی، بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر مسافروں اور گاڑیوں کی چیکنگ کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے۔