پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے موجودہ حکومت اور دیگر اداروں کو خبردار کیا ہے کہ اگر عمران خان کو کچھ ہوتا ہے تو پھر پاکستان میں کوئی بھی حالات کو قابو میں نہیں رکھ سکے گا۔ان کا کہنا تھا کہ قوم کھڑی ہو چکی ہے، قوم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اللہ کے علاوہ کسی کے سامنے نہیں جھکنا، لانگ مارچ میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور کے پی سندھ اور بلوچستان اور اسلام آباد سے لاکھوں لوگ کال پر لبیک کہیں گے اور لانگ مارچ میں شامل ہوں گے ۔
کراچی میں لوڈ شیڈنگ سے متعلق بات کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگ ایم کیو ایم سے پوچھیں وفاق پچھلے سال کتنی بجلی کراچی کو دے رہا تھا اور اب کتنی بجلی فراہم کی جا رہی ہے اور گزشتہ برس کے مقابلے میں اس میں کتنی کمی ہوئی ہے
اسد عمر کا کہنا تھا فیصلہ کرنے والے کان کھول کر سن لیں، اہم موقع پر نیوٹرل رہنے والوں یا غلط فیصلے کرنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرتی، فیصلوں کا وقت آگیا ہے، اگر آپ فیصلے نہیں کریں گے تو تاریخ آپ کو معاف نہیں کرے گی۔اسلام آباد کال سے متعلق سوال پر اسد عمر نے کہا کہ مجھے بھی نہیں معلوم کہ عمران خان اسلام آباد کی کال کب دیں گے، دھرنے سے متعلق عمران خان وقت آنے پر فیصلہ کریں گے۔