پیر کی رات لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکن کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران گھر کے اندر سے فائرنگ کردی گئی جس کے نتیجے میں ایک پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہوگیا۔-ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس نے ساجد نامی پی ٹی آئی کارکن کے گھر 112 سی ماڈل ٹاؤن پر چھاپہ مارا، اس دوران گھر کی چھت سے پولیس پارٹی پر فائرنگ ہوئی۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے یہ بھی بتایا کہ چھاپے کے دوران پولیس کانسٹیبل کمال احمد کو گولی لگی تھی جسے ہسپتال لے جایا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔انہوں نے کہا کہ پولیس قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پولیس واقعے کے پیچھے مجرم کی گرفتاری کے لیے تلاش کر رہی ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ پنجاب پولیس نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا ہے جس کے دوران ایک ایم این اے اور پی ٹی آئی کے درجنوں کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔