وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کا اجلاس (آج) جمعہ کو طلب کر لیا ہے اس میں اسد مجید کی ویڈیو لنک سے شرکت بھی ممکن ہے ۔این ایس سی کا اجلاس آج دوپہر 2:00 بجے ہوگا۔ این ایس سی کے آئندہ اجلاس میں وفاقی وزراء اور سروسز چیفس شرکت کریں گے۔
جمعرات کو وزیر اعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا میران شاہ پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے استقبال کیا۔
وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع میں لازوال قربانیاں دینے والے دھرتی کے بہادر بیٹوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
بعد ازاں وزیراعظم کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں سرحد پار سے دہشت گردوں کی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔ انہیں سرحد پر باڑ لگانے کی صورتحال سمیت مغربی بارڈر مینجمنٹ سسٹم پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کی کمر توڑنے میں کامیابی پر پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ابھی زیادہ عرصہ نہیں گزرا ہے کہ دہشت گرد ملک بھر میں معصوم مردوں، عورتوں، بچوں، تعلیمی اداروں اور ریاستی انفراسٹرکچر کو بلا امتیاز نشانہ بنا رہے ہیں۔ “قوم کی طرف سے مکمل حمایت یافتہ ہماری مسلح افواج کی بہادرانہ کوششوں کی بدولت، ہم ہر قسم کی دہشت گرد تنظیموں کو شکست دینے اور ان کو نیچا دکھانے اور ان کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔