عمران خان نے اعتماد سے جو بات کہی تھی کہ اتحادی کہیں نہیں جائیں گے آج انھوں نے اس کا عملی مظاہرہ کرکے اپوزیشن کو حیران وپریشان کردیا جب ق لیگ نے عمران خان کی جماعت سے اپنے اتحاد کو قائم رکھنے کا فیصلہ کیا
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے پیر کو بتایا کہ ایک اہم پیشرفت میں، وزیر اعظم عمران خان نے مسلم لیگ (ق) کے رہنما پرویز الٰہی کو پنجاب کا اگلا وزیر اعلیٰ نامزد کر دیا اور عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو سونپ دیا ہے۔
یہ پیشرفت بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان اور پرویز الٰہی کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد سامنے آئی ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ حکمران پی ٹی آئی اور اس کی اہم اتحادی مسلم لیگ (ق) کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کی قیادت نے وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے دوران حکومت کی حمایت کا اعلان کیا۔
یہ ملاقات قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف ایوان زیریں میں تحریک عدم اعتماد پیش کرنے سے چند منٹ قبل ہوئی۔
ادھر مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الٰہی نے تصدیق کی ہے کہ پرویز الٰہی نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کی پیشکش قبول کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پرویز الٰہی سے ملاقات میں عثمان بزدار کو مستعفی ہونے کی ہدایت کی۔