پاکستان پر ایک مرتبہ پھر افغانستان کے بارڈر سے حملوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے -پاکستان سے بھاگ کر افغانستان میں چھپ جانے والے تحریک طالبان کے دہشت گرد پاکستانی افواج کو نشانہ بنا رہے ہیں -انٹر سروسز پبلک ریلیشنز نے ہفتہ کو بتایا کہ پاک افغانستان سرحد پر سرحد پار سے ہونے والے حملے میں آج تین فوجیوں نے جام شہادت نوش کیا۔
فوج کے میڈیا ونگ نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے ضلع دیواگر کے علاقے میں دہشت گردوں نے سرحد پار سے فوجیوں پر فائرنگ کی۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی فوجیوں نے بھرپور جواب دیا اور مصدقہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہچا-فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے تین جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران جہلم کے 30 سالہ حوالدار تیمور ، سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ سپاہی ثاقب نواز اور اٹک کے 38 سالہ نائیک شعیب نے دشمنوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا
فوج کے میڈیا ونگ نے کہا، پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف سرگرمیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے اور توقع کرتا ہے کہ افغان حکومت مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی۔
اس میں مزید کہا گیا کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خلاف پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اور شہیدوں کی لاشیں اور بے مثال قربانیاں ہمارے غازی سپاہیوں کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔