آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز اسویسسی ایشن کے بعد تعمیراتی سیکٹر نے بھی حکومت کو ہڑتال کی دھمکی دیدی ،صدر فیڈریشن آف رئیلٹرز پاکستان سردار طاہر محمود اور جنرل سیکرٹری چوہدری زاہد رفیق نے کہا ہے کہ تعمیراتی سیکٹر پر ٹیکسز کی بھرمار ناقابل قبول ہے ، 15جولائی کو ملک بھر میں ہڑتال کریں گے،بجٹ منظور کرتے وقت وہ ٹیکس بھی لگا دئیے جو تجویز بھی نہیں کیے گئےتھے۔تاجروں کی ہونے والی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔اس کے علاوہ جماعت اسلامی 12 جولائی کو اسلام آباد میں مہنگائی اور ٹیکسوں کے خلاف دھرنے کا اعلان کرچکی ہے –
“جنگ ” کے مطابق سردار طاہر اور زاہد رفیق نے کہا کہ سیون ای شق نے کاروبار میں مشکلات پیدا کی ہوئی تھیں جس کو ختم کرنے کا ہم نے مطالبہ کیا تھا مگر حکومت نے سیون ایف کی نئی شق ڈال دی ہے جو پہلے مجوزہ بجٹ میں نہیں تھی جس کے بعد ڈویلپرز اور بلڈرز پر بالترتیب 15اور 10؍ فیصد مزید ٹیکس لگا دیا گیا ہے جو بلاآخر صارف پر ہی بوجھ جائے گا۔ ٹیکسز میں اضافہ کرکے ریونیو بڑھانے کی حکومتی ترکیب ایک بار پھر ناکام ہوگی، ہمارا اب بھی حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہمارے ساتھ بیٹھیں ہماری تجاویز پر عمل کریں ہم یقین دہانی کرواتے ہیں کہ ایک ہزار ارب ٹیکس اکٹھا کرکے دیں گے۔ آج ملک بھر میں ہونے والی تاجروں کی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں ابھی بھی حکومت ہوش کے ناخن لے ورنہ ان پالیسیوں کے عملدرآمد میں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ایسا لگتا ہے کہ جولائی کا مہینہ عوام اور حکومت دونوں کے امتحان کا مہینہ ہوگا ایک طرف عوام حکومت کے بھاری بھرکم ٹیکس ادا کریں گے تو دوسری جانب عوام کی جانب سے اس فیصلے کے خلاف حکومت کو ان کا ردعمل برداشت کرنا ہوگا –