وہ سائفر کیس جس میں الیکشن سے چند روز قبل عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو دس دس سال کی سزا سنائی گئی تھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں اڑ گیا – سائفر کیس میں اسلا م آباد ہائیکورٹ نے بانی تحریک انصاف عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی اپیلیں منظور کرلیں ،ان کی سزا کالعدم قرار دے دی اور درخواست گزاروں کو بری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سائفر کیس پر اپیلوں کا مختصر فیصلہ چیف جسٹس عامر فاروق نے سنایا۔دو رکنی بینچ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شامل تھے ۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں سزا کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے ان کی سزا کالعدم قرار دے دی۔
یاد رہے کہ ٹرائل کورٹ نے دونوں ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی تھی جس کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل کی گئی تھی ۔ فیصلے سنائے جانے کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت اسلام آباد ہائیکورٹ میں موجود تھی۔چئیرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹرگوہر،علی محمد خان، فیصل جاوید اور شاندانہ گلزار بھی کمرۂ عدالت میں موجود تھے۔ عمران خان کی بہنیں اور شاہ محمود قریشی کی اہلیہ اوربیٹیاں بھی اس موقع پر کمرۂ عدالت میں موجود تھیں۔اس مقدمے میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں کو سزا دینے پر عوام کا 8 فروری کو شدید ری ایکشن آیا تھا اور انھوں نے بڑی تعداد میں نکل کر عمران خان کے امیدواروں کو ووٹ ڈال کر جتوادیا تھا –