پاکستان کرکٹ ٹیم سے بطور ڈائریکٹر راہیں جدا کرنے کے بعد سابق کپتان محمد حفیظ کا بیان سامنے آگیا۔ سابق کپتان محمد حفیظ نے مداحوں کو آگاہ کیا کہ بطور ڈائریکٹر پی سی بی کے ساتھ مثبت اصلاحات کی کوشش کی تاہم بدقسمتی سے نئی مینجمنٹ نے میری 4 سالہ تقرری کو محض 2 ماہ میں ختم کردیا۔حفیظ نے لکھا کہ میں خود کو عوام کی عدالت میں پیش کرتا ہوں، چند روز میں دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں شکستوں کی وجوہات عوام کے سامنے رکھوں گا، ہ ہمیشہ وقار اور فخر کے ساتھ پاکستان کو ترجیح دی اور نمائندگی کی، پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات ہیں۔
بحیثیت ٹیم ڈائریکٹر حفیظ کے دور میں پاکستان کو آسٹریلیا کے حالیہ دورہ ٹیسٹ میں 0-3 سے اور نیوزی لینڈ میں 5 میچوں کی ٹی20 سیریز میں بھی 1-4 سے شکست ہوئی تھی ۔ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور ڈائریکٹر کے درمیان تناؤ پیدا ہوگیا تھا، محمد حفیظ کھلاڑیوں کو غیر ملکی ٹی20 لیگز کیلئے این او سی نہ دینے پر بضد تھے جبکہ پرفارمنس سے بھی خوش نہیں تھے۔
سابق ٹیسٹ کپتان حفیظ نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 119 ٹی20 مقابلوں میں 12 ہزار 780 رنز بنائے جبکہ 253 وکٹیں حاصل کیں۔ان کے بارے میں یہ بھی کہا جارہا تھا کہ وہ کسی سیاسی جماعت میں شامل ہوکر فیصل آباد سے الیکشن میں حصہ لینا چاہتے تھے مگر ملک میں 9 مئی کے واقعات کے بعد انھوں نے سیاست میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کرلیا تھا -اور کرکٹ کے انتظامی امور میں دلچسپی لینا شروع کردی تھی –