عام انتخابات سے قبل سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے اس میں اج ایک بڑی پیش رفت دیکھنے کو ملی جب پاکستان پیپلز پارٹی کے بڑے رہنما سید فیصل صالح حیات نے آج کے روز بے نظیر کی برسی کے دن نون لیگ میں شامل ہونے اور زرداری اور بلاول سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ،سابق وزیر داخلہ فیصل صالح حیات باقاعدہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے۔
آج شہباز شریف انہیں اپنی جماعت میں شمولیت کی دعوت دینے جھنگ کے علاقے شاہ جیونہ پہنچے -اس موقع پر صدر مسلم لیگ( ن) شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مخدوم صاحب اور ان کے گروپ کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں،فیصل صالح حیات کی مسلم لیگ( ن) میں شمولیت پر شکرگزار ہیں،مخدوم صاحب کا گھرانہ ایک سیاسی گھرانہ ہے،اس خان دان کی لمبی تاریخ ہے۔
صدر مسلم لیگ(ن) نے کہاکہ فیصل صالح حیات کی شمولیت سے نوازشریف کی قیادت کو سپورٹ ملے گی،اللہ نے موقع دیا تو نوازشریف چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے، نوازشریف اب صرف سیاستدان نہیں، ایک سٹیٹس مین ہیں،انکا وسیع تجربہ ہے،نوازشریف کی قیادت میں ہم شبانہ روز محنت کریں گے اور ملک کو عظیم بنائیں گے۔فیصل صالح حیات عابدہ حسین کے کزن اور سخت سیاسی حریف ہیں مگر پی ٹی آئی کی مقبولیت کے بعد ان کی سیاست میں پکڑ کمزور ہوئی ہے –