افغانستان میں شرعئی سزائیں دینے کی خبریں تو ہم اکثر سنتے رہتے ہیں اور اس کی ویڈیوز بھی منظر عام پرآتی رہتی ہیں جہاں جرم کرنے والوں کو عوام کے سامنے سزا دی جاتی ہے -مگر اب سوڈان سے بھی اسی طرح کی ایک خبر سننے کو ملی ہے -سوڈان کی ایک عدالت نے 52گیس سلنڈر چوری کرنے والے تین چوروں کے ہاتھ کاٹنے کا حکم دے دیا۔ سعودی عرب اور یواے ای کی طرح سوڈان میں بھی شرعی قوانین نافذ ہیں، جن میں چور کا ہاتھ کاٹ دینے کی سزا مقرر کی گئی ہے۔
تاہم یہ خبر اس لیے زیادہ تیزی سے پھیلی کیونکہ دس سال بعد پہلی بار سوڈان میں کسی چور کو یہ سزا دی جا رہی ہے۔ چوروں کا تعلق سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے نزدیکی علاقے ام درمان سے ہے اور اسی شہر میں انہوں نے چوری کی واردات کی۔ واضح رہے کہ اس وقت سوڈان میں فوجی حکومت قائم ہے۔ اکتوبر 2021ء میں سوڈانی فوج نے وزیراعظم عبداللہ حمدوک کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔اب دیکھنا یہ ہے کہ مغربی دنیا اس فیصلے پر کیا ری ایکشن دیتی ہے –