پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کو دھمکی دی ہے کہ وہ موجودہ حکومت کے خلاف مشترکہ اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کرنے سے قبل مستعفی ہو جائیں۔یہ بیان بلاول کی لاہور میں افضل ندیم چن کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کے دوران سامنے آیا۔ اس دوران چن نے پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے آج پی پی پی میں شمولیت اختیار کی۔ پی پی پی چیئرمین اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کی قیادت کرتے ہوئے راستے میں چن کی رہائش گاہ پر رک گئے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے سامنے سب سے بڑا امتحان تحریک عدم اعتماد کی صورت میں ہے اور وہ کبھی اس ،میں سرخرو نہیں ہوں گے اپوزیشن نے اپنے نمبرز پورے کرلیے ہیں اور عمران خان کے گھر جانے کا وقت آگیا ہے ۔بلاول نے سینیٹ کے تازہ انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے بھی سینیٹ اور قومی اسمبلی میں حکومت کو شکست دی اور آئندہ بھی حکومت کو شکست فاش دیں گے مگر وہ شائید اپنی 2 بار کی سینیٹ میں شکست بھول گئے ہیں یا وہ سمجھتے ہیں کہ عوام کا حافظہ کمزور ہے ۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو چیلنج کیا کہ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ ان کی جماعت ابھی بھی ملک میں مقبول ہے تووہ اسمبلی تحلیل کر دیں،کیونکہ وہ ہمیشہ اسمبلیں توڑنے کی دھمکی دیتے رہے ہیں، ۔بلاول زرداری نے کہا کہ اگر وہ استعفیٰ نہیں دیتے اور اسمبلی تحلیل نہیں کرتے تو بھی اپوزیشن پوری طرح تیار ہے۔ ہم تحریک عدم اعتماد لائیں گے اور اس جمہوری جنگ کو پارلیمنٹ میں لے کر جائیں گے اور کامیاب ہوں گے۔