لاہور: سابق صدر آصف علی زرداری سے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے وفد کے ہمراہ بلاول ہاؤس لاہور میں ملاقات کی جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
پاکستان مسلم لیگ قائد کے وفد میں وفاقی وزراء طارق بشیر چیمہ، مونس الٰہی، اراکین قومی اسمبلی سالک حسین، شافع حسین اور راسخ الٰہی شامل تھے۔
ملاقات کے بعد دونوں جماعتوں کی جانب سے جاری مشترکہ بیان کے مطابق پی پی پی اور پی ایم ایل کیو نے مشاورت سے فیصلے کرنے پر اتفاق کیا۔ مسلم لیگ ق اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے ایک دوسرے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس پیش رفت سے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری نے چودھری پرویز الٰہی جو کہ پنجاب اسمبلی کے سپیکر بھی ہیں، سے درخواست کی کہ وہ حکومت کے خلاف کوششوں میں اپوزیشن کا ساتھ دیں۔
سابق صدر نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اپوزیشن کے فیصلوں سے الٰہی کو آگاہ کیا۔ زرداری نے ایک بار پھر ق لیگ کی قیادت کو حکمت عملی طے کرنے کی دعوت دی۔ دونوں جماعتوں کی قیادت نے ایک دوسرے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
دریں اثناء مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی ایک بڑی سیاسی جماعت کے بارے میں تحفظات کا اظہار کیا۔