راشد محمود اور نشو بیگم کے بعد بجلی کے بل نے نامور اداکارہ اور فلم ڈائریکٹر سنگیتا بھی بجلی بم کا شکار ہوگئیں -سنگیتا نے میڈیا پر شکایت کرتے ہوئے کہا کہ میرا 60 ہزارر وپے کا بل آ گیا ہے، 20 ہزار بجلی کی قیمت ہوگی جبکہ 40 ہزار روپے اس کا ٹیکس ہوگا۔ اس سے پہلے دیگر اداکار جن میں کامیڈی اسٹار غفار لہری اور راشد محمود شامل ہیں ،وہ دونوں بھی زیادہ بل آنے پر خاصے پریشان ہیں۔
بجلی کے بلوں نے عوام سمیت فنکار برادری کے بھی اوسان خطا کر دیے ہیں، سب سے پہلے صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار راشد محمود نے بجلی کے زائد بل پر آواز اٹھائی تھی اور 45 ہزار سے زائد کا بل دیکھ کر انہوں نے اللہ تعالی سے موت مانگی تھیں۔ اداکارہ نشو بیگم کا بل بھی ایک لاکھ روپے آیا تھا جس پر وہ بھی خاصی پریشان تھیں، اب ناموراداکارہ اور فلمی ڈائریکٹر سنگیتا بھی بجلی کا 60 ہزار بل آنے پر سیخ پا ہیں۔
فلم ہدایتکارہ سنگیتا کا کہنا ہے کہ میں صرف ایک اے سی چلاتی ہوں، دوسرے اے سی میں نے بند کرکے اتار کر رکھ دیے ہیں ،اس کے باوجود 60 ہزار روپے کا بل آ گیا ہے۔اداکارہ نے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ بجلی والو، خدا کے لئے ہم پر رحم کرو، ایک اے سی کا بل 60 ہزار کیسے ہو سکتا ہے، اب اور کتنے ٹیکس لگاﺅ گے ۔
نامور کامیڈین غفار لہری بھی بجلی کے بل آنے کے بعد سے بہت پریشان ہیں ، ان کا کہنا ہے کہ میں کرائے کے چھوٹے سے گھر میں رہتا ہوں اور صرف ایک پنکھا چلاتا ہوں، میرا بل زیادہ سے زیادہ تین ہزار روپے بل آنا چاہیے تھا لیکن مجھے 20 ہزار روپے بجلی کا بل بھیج دیا گیا ہے، بل کی درستگی کے لئے متعلق لیسکو آفس گیا ہوں، ان کا کہنا ہے جو بل آیا ہے، اسے ہر صورت ادا کرنا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فنکاروں کو اس طرح کے بل بھیجنا انہیں مارنے کے مترادف ہے، ہمارے شو نہ ہونے کے برابر ہیں، چھ ، چھ ماہ ہمیں کام نہیں ملتا، ہمارا ارباب اختیار سے سوال ہے کہ اتنا زیادہ بل ہم کہاں سے ادا کریں گے۔یاد رہے کہ انتخابات سے پہلے حکومت اور اس کے اتحادیوں نے عوام سے 300 یونٹ فری دینے کا اعلان تھا مگر اب وہ خود بھی کہیں نظر نہیں آرہے –