بھارت میں پری مون قہر بن کر ٹوٹ پڑا شدید بارشوں نے بھارتیوں کی زندگی جہنم بنادی نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا – بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں شدید بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے جبکہ درجنوں پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں، بھارتی محکمہ موسمیات کی شمالی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ اورنج الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ۔
اس سے پہلے گرمی نے بھارتیوں کی زندگیوں کے چراغ گل کیے تو اب نئی دہلی میں 2 دن قبل دہائیوں کی شدید بارش ہوئی۔ دہلی میں ایک ہی دن میں ہونے والی بارش پورے مہینے کی اوسط بارش سے زیادہ تھی۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے دہلی ایئرپورٹ کے3 ٹرمینلز میں سے ایک کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں پروازیں متاثر ہوئیں۔
بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق شہر کے انڈر پاس پانی سے بھر گئے، سڑکوں پر ٹریفک رک گئی اور کئی حصوں میں بجلی جانے سے پانی کی بھی عدم فراہمی کا سامنا رہا۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں نئی دہلی کے مرکزی ایئرپورٹ سے کم از کم 60 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔