پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف آر جے، ٹی وی میزبان اور اداکارہ انوشے اشرف رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔ انوشے اشرف نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنے نکاح کی چند تصاویر پوسٹ کیں، اداکارہ نے اپنی زندگی کے سب سے خاص دن پر سفید اور گولڈن رنگ کا خوبصورت عروسی لباس زیب تن کیا۔انھوں نے ایک صارف کے ٹویٹ کا جواب بھی دیا جس میں پوچھا گیا تھا کہ آپ نے اب تک شادی کیوں نہیں جس کے جواب میں انھوں نے شادی کی تصاویر شئیر کرتے ہوئے لکھا “لو کرلی شادی ” .
تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ نے اپنے اہلخانہ اور چند قریبی دوستوں کی موجودگی میں نکاح نامے پر دستخط کیے جبکہ اس موقع پر انوشے اشرف کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ بھی موجود تھا جس سے واضح ہوگیا کہ اُنہوں نے ممکنہ طور پر ورچوئل نکاح کیا ہے۔ انوشے اشرف کے بہترین دوست ڈینو نے ایک خوبصورت نوٹ کے ساتھ تصاویر شیئر کیں جس میں لکھا ہے کہ ’ہم نے اپنی بہترین دوست انوشے اشرف کے اس خاص دن کا بہت انتظار کیا تھا‘۔ انوشے کو اپنی اسٹائلش اور بولڈ شخصیت کی وجہ سے بہت سراہا جاتا ہے۔ وہ ڈان نیوز کے مشہور مارننگ شو ’چائے، ٹوسٹ اور ہوسٹ‘ کی میزبان بھی تھیں۔ان کے نکاح کی تقریب میں علی حمزہ اور عائشہ عمر نے بھی شرکت کی -نکاح کی تقریب ان کے گھر پر منعقد ہوئی جس میں انوشے اشرف کے قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد نے شرکت کی۔
معروف اینکر کی ہمشیرہ نتاشہ قزلباش نے انوشے اور ان کے دلہا شہاب رضا کی ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں انہوں نے دونوں کو مبارکباد دی۔۔ نکاح کی خوشخبری سامنے آتے ہی شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے انوشے اشرف کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔