محکمہ موسمیات نے 2 روز قبل یہ بتایا تھا کہ ملک کے مختلف شہروں میں عید تک موسم گرم اور خشک رہے گا جس پر پاکستانی شدید پریشان تھے کہ 45 ڈگری میں عید کیسے منائیں گے مگر رب کریم نے ان کی فریاد سن لی اور آج محکمہ موسمیات نے اچھی خبر سنادی کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، اسلام آباد اور گرد و نواح کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر کے مختلف مقامات پر بارش کاامکان ظاہر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے اکثر بالائی حصوں میں بارش متوقع ہے، بالائی پنجاب میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سندھ جو تندور کی طرح تپ رہا تھا وہاں کے علاقوں میر پورخاص، تھرپارکر، بدین اور عمر کوٹ میں بارش جبکہ بلوچستان میں خضدار، لسبیلہ اور آواران میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے، گلیات، راولپنڈی، اٹک، تلہ گنگ، چکوال اور جہلم ،گجرات، میانوالی، خوشاب، بھکر، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، ننکانہ صاحب، لاہور، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، وزیر آباد، سیالکوٹ، نارووال اور گوجرانوالہ میں بارش ہونے کی توقع ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان، تونسہ، لیہ، راجن پور، دیر، سوات، مالاکنڈ، باجوڑ، کوہستان، چترال، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم اور وزیرستان میں بھی بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اگر اس عید پر باران رحمت برس جاتی ہے تو عید کا مزہ دوبالا ہوجائے گا –