بالی وڈ اداکارہ اور حال ہی میں لوک سبھا کا انتخابات جیتنے والی کنگنا رناوت چندی گڑھ ائیرپورٹ پر نئی دہلی کے لیے فلائٹ میں سوار ہونے والی تھیں کہ اس دوران سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس کی خاتون کانسٹیبل نے مبینہ طور پر کسانوں کی بے عزتی کرنے پر اداکارہ کو تھپڑ ماردیا ۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے ادارے نے کنگنا کو تھپڑ مارنے والی خاتون اہلکار کو معطل کردیا ہے۔اب یہ واقعہ کیوں پیش آیا اس پر پہلے سیکیوریٹی اہل کار اور پھر کنگنا رناوت کا ردعمل اور وضاحت سامنے آگئی -بھارتی میڈیا کے مطابق چندی گڑھ ایئرپورٹ کی سیکیورٹی اہلکار کلویندر کور نے کہا کہ ماضی میں کنگنا رناوت نے کسانوں سے متعلق متنازع بیان دیا تھا جب میں نے ایئرپورٹ پر اداکارہ کو دیکھا تو مجھے وہ بیان یاد آگیا تھا، پھر مجھے شدید غصہ آیا اور میں نے اُنہیں تھپڑ مار دیا۔خاتون اہلکار نے کہا کہ کنگنا رناوت نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ کسان صرف 100 روپے کی خاطر احتجاج میں بیٹھے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ میری والدہ بھی اُس احتجاج کا حصہ تھیں کیونکہ میرا تعلق کسان خاندان سے ہے، میں یہاں کنگنا رناوت سے پوچھنا چاہوں گی کہ کیا وہ اُس احتجاج میں جا کر بیٹھیں گی؟کنگنا رناوت کو تھپڑ مارنے پر سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) نے خاتون اہلکار کلوندر کور کو معطل کردیا ہے۔
دوسری جانب اداکارہ نے واقعے کے بعد ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ مجھے اس واقعے کے بعد کئی کالز آئی ہیں اس لیے بتانا چاہتی ہوں کہ میں بالکل محفوظ ہوں، میں ائیرپورٹ پر سیکورٹی چیک کے بعد جیسے ہی باہر نکلی تو دوسرے کیبن میں موجود سکیورٹی اہلکار نے میرے کراس کرنے کا انتظار کیا اور آکر میرے منہ پر تھپڑ مارا اور مجھے گالیاں دینے لگی۔ اداکارہ کے مطابق جب میں نے اس سے پوچھا کہ اس نے ایسا کیوں کیا تو وہ کہنے لگی کہ وہ کسانوں کی تحریک کی حمایت کرتی ہے۔کنگنا رناوت نے کہا کہ مجھے تشویش ہے کہ جو دہشت گردی اور انتہا پسندی پنجاب میں بڑھ رہی ہے اسے ہم کیسے روکیں گے ؟۔مگر اس واقعہ کے بعد امید کی جارہی ہے کہ اب کنگنا رناوت کوئی بھی بیان دینے سے پہلے 100 بار سوچاکریں گی کہ کہیں پھر کسی اور جگہ اس کا ردعمل نہ آجائے اور وہ مار کھانے کے بعد شرمندگی کے سبب عوام سے منہ چھپاتی پھریں –