کامیڈین گلوکار چاہت فتح علی خان کے ساتھ بدو بدی میں پرفارمنس کرنے والی ماڈل وجدان راؤ نے اپنے گانے کو یوٹیوب سے ڈیلیٹ کیے جانے پر رد عمل دیتے ہوئے ویڈیو کو ہٹانے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ 28 ملین ویوز ایک ماہ میں لینے والی ویڈیو کے ڈیلیٹ کیے جانے پر وجدان راؤ نے کہا کہ گانے کو ڈیلیٹ کیے جانے پر انہیں بہت افسوس ہو رہا ہے لیکن وہ اب وہ کیا کرسکتی ہیں، انہیں بہت دکھ ہو رہا ہے، وہ گانے کے ڈیلیٹ کیے جانے پر سب کے لیے صبر کی دعا کر رہی ہیں اور خدا انہیں بھی صبر عطا کرے اور دوسرے لوگوں کو بھی صبر دے۔
بدو بدی کو چاہت فتح علی خان کے یوٹیوب سمیت دیگر یوٹیوب چینلز سے کاپی رائٹس کی وجہ سے ڈیلیٹ کردیا گیا تھا۔چاہت فتح علی خان کے یوٹیوب پر ملکہ ترنم نورجہاں کے آفیشل یوٹیوب کی جانب سے کاپی رائٹس کا دعویٰ کیا گیا تھا، جس کے بعد گانے کو ڈیلیٹ کیا گیا۔”بدو بدی” کو چاہت فتح علی خان کے یوٹیوب پر 2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا تھا۔گانے کو ڈیلیٹ کیے جانے کے بعد اگرچہ چاہت فتح علی خان ابھی تک خاموش ہیں یا شائید صدمے میں ہیں ، تاہم گانے میں پرفارمنس کرنے والی ماڈل وجدان راؤ نے اپنا رد عمل دے دیا۔
وجدان راؤ نے اپنے ویڈیو میں بیان میں کہا کہ بدو بدی کو ڈیلیٹ کیے جانے کے بعد انہیں بہت سارے میسیجز کیے جا رہے ہیں اور فون کالز کرکے پوچھا جا رہا ہے کہ ان کی شکایت پر گانے کو ڈیلیٹ کیا گیا کیا؟انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے گانے سے متعلق کوئی شکایت نہیں کی تھی اور نہ ہی ان کی وجہ سے گانا ڈیلیٹ ہوا، بدو بدی ان کا بھی اتنا ہی گانا تھا، جتنا چاہت فتح علی خان کا تھا۔تاہم یہ بات درست ہے کہ وجدان راؤ نے اس گانے میں پرفارمنس کو اپنی زندگی کی سب سے بڑی حماقت قرار دیا تھا اور ان کو بہت تھوڑا معاوضہ صرف 4000 روپے ملنے کی بات بھی سوشل میڈیا پر ہورہی تھی مگر اس بات کی تردید یا تائید راؤ وجدان کی جانب سے نہیں آئی تھی، اس سے پہلے ہی یہ گیت ڈیلیٹ کردیا گیا –