مارگلہ کی پہاڑیوں میں سالہا سال سے آگ لگنے کے واقعات رپورٹ ہورہے تھے مگر اس سال اس بات کا انکشاف ہوا کہ یہ آگ گرمی یا کسی شخص کی غفلت کی وجہ سے نہیں لگتی تھی یہاں بھی مافیا اپنی کاروائی میں مصروف تھا -جب پولیس نے اس گینگ کو پکڑا مارگلہ ہلز میں آگ لگانے کے حوالے سے گرفتارملزمان نے سارا کچا چٹھا کھول دیا ۔گرفتار ملزمان میں جہانزیب،عابد حسین اور حسین بخش شامل ہیں جن کا تعلق راجن پور سے ہے، اس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے انوائرنمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے ایک اور شخص کو بھی گرفتار کیا ہے جس سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ملزمان نے پولیس کو بتایا ہے کہ مارگلہ ہلز میں آگ لگتی نہیں بلکہ لگائی جاتی تھی،کلنجر گاؤں سے گرفتار افراد کا بتانا ہے کہ وہ شہد اکٹھا کرنے کی غرض سے مارگلہ ہلز جاتے تھے،مارگلہ ہلز پر چھوٹی مکھی کے شہد کے گچھے بڑی تعداد میں موجود ہیں،مکھیوں کو بھگانے کے لئے آگ اور دھوئیں کا استعمال کرتے تھے،شہد اکٹھا کرنے کے لئے فیصل مسجد کے عقب میں یہ کام کیا جاتا تھا-یاد رہے کہ ان کی اس مکروہ حرکت کی وجہ سے ایک معصوم انسان جل کر جاں بحق ہوگیا تھا –