چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیفس نے “یوم تکبیر” کی 26ویں سالگرہ پر قوم کو مبارکباد دی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسلح افواج کے سربراہان نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ موقع 1998 میں پاکستان کے ایٹمی تجربات کی تاریخی کامیابی کی یاد دلاتا ہے۔ ایٹمی تجربات نے خطے میں کم سے کم ڈیٹرنس طاقت کا توازن پیدا کیا۔
فوجی سربراہان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسلح افواج اور قوم ان تمام لوگوں کی غیر متزلزل لگن اور بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ خواب کو حقیقت میں بدلنے والے تمام سائنسدان، انجینئرز اور حکام قوم کی تحسین کے لائق ہیں۔مسلح افواج کے سربراہان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کے اہم ترین دن پر پاک افواج مادر وطن کی خود مختاری اور وقار کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں ہر لمحہ اور ہر قیمت پر قوم کا دفاع یقینی بنایا جائے گا، انشااللہ پاکستان زندہ باد۔ملک بھر میں آج یوم تکبیر منایا جارہا ہے. 26 برس قبل 28 مئی کو پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں اپنی جوہری طاقت کا مظاہرہ کیا تھا۔
بھارت کے ایٹمی دھماکے کرنے کے خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے لیے پاکستان نے بھی ایٹمی دھماکوں کے تجربات کا فیصلہ کیا اور 28 مئی 1998 کو پاکستان نے یکے بعد دیگرے 5 دھماکے کرکے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا تھا۔ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو “یوم تکبیر” کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔پاکستان نے ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کے بعد ایسے کئی میزائل بھی بنائے اور کامیاب تجربات کیے جو ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی مدد سے پاکستان کے جوہری سائنسدانوں نے 1984 میں جوہری بم تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کی تھی۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے آج یوم تکبیر پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا، شہباز شریف نے اس موقع پر ایک خصوصی پیغام جاری کیا ، اپنے پیغام میں کہا کہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یوم تکبیر ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے اتحاد کی یاد دلاتا ہے، آج کے دن پوری قوم نے ملکی سالمیت کیلئے فیصلہ کیا، ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول کر کے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، آئیں عہد کریں، 9 مئی جیسے واقعات سے انتشار کے خواہشمند عناصر کی شر پسندی کو ناکام بنائیں گے۔