نون لیگ کی خواہش ہے کہ جلد از جلد پیپلز پارٹی کو بھی وفاق میں حکومت کا حصہ بنایا جائے اور کچھ وزارتیں پیپلز پارٹی بھی لے لے -اس حوالے سے شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے گذشتہ روزملاقات کی، وفد میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، سید نوید قمر ، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور شیری رحمان شامل تھے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال اور مالی سال 2024-25 کے بجٹ کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں نون لیگ کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ اور وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پیپلز پارٹی کے وفد نے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں انھوں نے میڈیا پر لگائی جانے والی پابندیوں پر بھی حکومت کو دوبارہ غور کرنے کا مشورہ دیا ۔ وفد نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی تجویز دیدی اور بجٹ منظوری میں حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اپنے وسائل میں رہتے ہوئے تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کریں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے توجہ دلائی کہ نگران دور میں سندھ کوترقیاتی فنڈز میں روک دیاتھا، سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کی فراہمی کے عمل کو تیز کیا جا ئے۔ سندھ کے نئے ترقیاتی منصوبوں کی فہرست بھی وفاقی وزیر احسن اقبال کو پیش کی۔کل کی یوسف گیلانی کی گفتگو بتارہی ہے کہ کہ عنقریب پیپلز پارٹی حکومت کا حصہ بن جائے گی –