جیولین تھرو میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے ارشد ندیم کی درخواست منظور ہوگئی – اولمپئن جیولین تھرور ارشد ندیم کو تھرو کے لیے نئی جدید ترین جیولین مل گئیں، ان کے پاس اب کاربن فائبر کی 6 مہنگی اور جدید جیولین ہیں۔ ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ مجھے نئی جیولین کا ضرور فائدہ ہو گا، تعاون کرنے پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اگر میں اپنا بہترین کرتا ہوں تو اولمپکس میں ضرور گولڈ میڈل ملے گا۔اولمپئن جیولین تھرور ارشد ندیم جنوبی افریقا میں 5 ہفتوں کی ٹریننگ کے بعد وطن واپس پہنچ چکے ہیں اور پنجاب سٹیڈیم میں انہوں نے ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے، وہ نئی جیولین کے ساتھ ٹریننگ کر رہے ہیں۔
ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف، پی ایس بی، پنجاب سپورٹس اور فیڈریشن کا مشکور ہوں، جنہوں نے ہر موقع پر تعاون کیا ہے اور مجھے سپورٹ کیا ہے -انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا میں ٹریننگ شاندار رہی، مکمل ردہم میں آرہا ہوں، ان کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا میں سردی تھی اور یہاں شدید گرمی میں ٹریننگ کرنا پڑ رہی ہے، لیکن میرا ماننا ہے کہ جس ایتھلیٹ نے محنت کرنا ہو تو اس کے لیے سردی گرمی کچھ نہیں ہوتی، جیسا بھی موسم ہے خود کو تیار رکھنا ہے یہی ایتھلیٹ کا کام ہے۔
ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے کوچ کی رپورٹ مل چکی ہے جون کے وسط تک ارشد ندیم 100 فیصد تک تھرو کرنے میں کامیاب ہوں گے-انہوں نے کہا کہ فن لینڈ میں سرکردہ تھرو ر آ رہے ہیں، ارشد ندیم کے لیے اچھا مقابلہ ہو گا، جو ٹریننگ ڈیزائن کی گئی ہے وہ شیڈول کے مطابق جا رہی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ ارشد ندیم کا جو پوٹینشل اور تجربہ ہے اس کے مطابق وہ اولمپک میڈل کی دوڑ میں ہیں۔ان کا مقابلہ بھارت کے نیرج چوپڑا سے رہتا ہے اور وہ دونوں دنیا کے پہلے 3 بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں –